
انجینئر عرفان خان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آبزرور کے صوبائی صدر خیبر پختونخوا مقرر , باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری۔
انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آبزرور (International Human Rights Observer) نے انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے اپنی تنظیمی ساخت کو مزید مضبوط بناتے ہوئے انجینئر عرفان خان کو صوبہ خیبر پختونخوا کا صوبائی صدر مقرر کر دیا ہے۔ اس تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آبزرور کے ورلڈ چیئرمین کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔
انجینئر عرفان خان کا تعلق ضلع صوابی، جہانگیرہ سے ہے۔ وہ گزشتہ دس تا پندرہ برسوں سے پاکستان میں انسانی حقوق کے فروغ، سماجی انصاف اور مظلوم و محروم طبقات کی آواز بن کر عملی جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے نہ صرف ملک کے مختلف حصوں میں انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف مؤثر کردار ادا کیا بلکہ غریب، مجبور اور پسے ہوئے طبقات کے ساتھ ہر سطح پر مضبوطی سے کھڑے رہے۔
انجینئر عرفان خان کی خدمات محض مقامی یا قومی سطح تک محدود نہیں رہیں بلکہ وہ دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ مسلسل رابطے اور تعاون کے ذریعے ایک مؤثر انسانی حقوق نیٹ ورک کا حصہ رہے ہیں۔ ان کی سوچ، عمل اور جدوجہد ہمیشہ غیر جانبداری، دیانت داری اور انسان دوستی پر مبنی رہی ہے، جو انہیں اس عہدے کے لیے ایک موزوں اور قابلِ اعتماد انتخاب بناتی ہے۔
آج انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آبزرور کے چیف ایگزیکٹو جناب خالد پرویز سلیحری کی جانب سے انجینئر عرفان خان کو باقاعدہ طور پر انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آبزرور خیبر پختونخوا کا صدر نامزد کیا گیا۔ اس تقرری سے صوبہ خیبر پختونخوا میں انسانی حقوق کے تحفظ، آگاہی اور عملی اقدامات کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔
انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آبزرور کی قیادت نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ انجینئر عرفان خان اپنی صلاحیتوں، تجربے اور خلوصِ نیت کے ساتھ صوبے بھر میں انسانی حقوق کے مؤثر تحفظ اور مظلوم طبقے کو انصاف کی فراہمی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
