
ویب ڈیسک اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے سٹار بیٹسمین آصف علی نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
آصف علی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اپنے مداحوں، ساتھی کھلاڑیوں اور کوچز کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہر مشکل اور خوشی میں ان کی حوصلہ افزائی کی۔
انہوں نے اہل خانہ اور تمام دوستوں کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے خاص طور پر ورلڈ کپ کے دوران اپنی پیاری بیٹی کے انتقال جیسے دکھ بھری صورتحال میں انہیں سنبھالا اور آگے بڑھنے کی ہمت دی۔
آصف علی نے مزید کہا کہ وہ انشااللہ اپنے شوق کو جاری رکھتے ہوئے ڈومیسٹک اور لیگ کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ آصف علی نے پاکستان کی نمائندگی 21 ایک روزہ اور 58 ٹی20 میچز میں کی، جبکہ اپنا آخری انٹرنیشنل میچ 2023 میں کھیل چکے ہیں۔

