
اقرار الحسن کا سیاست میں آنے کا اعلان، نوجوانوں کے لیے نئی سیاسی تحریک کا آغاز
معروف صحافی اور میزبان اقرار الحسن نے باضابطہ طور پر سیاست میں قدم رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے اپنے مداحوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور جمہوری اقدار کے فروغ کے ذریعے پاکستان کے سیاسی نظام میں حقیقی تبدیلی لانا ہے۔
اقرار الحسن نے عندیہ دیا کہ وہ ایک نئی سیاسی تحریک کا آغاز کر رہے ہیں جو روایتی طاقت کے ڈھانچوں کو چیلنج کرے گی اور ان کی جگہ نوجوان، قابل اور آزاد خیال قیادت کو سامنے لائے گی۔
اقرار الحسن نے کہا کہ ملک کو درپیش سیاسی و سماجی مسائل کا حل صرف اسی وقت ممکن ہے جب نوجوان شخصیت پرستی اور خاندانی سیاست کو ترک کر کے ایک ایسی جمہوری جماعت تشکیل دیں جو ادارہ جاتی اصولوں پر قائم ہو اور جس میں قیادت شفاف انتخابات اور مشاورت کے ذریعے منتخب کی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ حالیہ دنوں میں مختلف شہروں کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ عوام تک اپنی سیاسی سوچ پہنچا سکیں اور ان کی حمایت حاصل کریں۔ اگرچہ انہوں نے ابھی تک اپنی جماعت کا نام ظاہر نہیں کیا، تاہم ان کا کہنا ہے کہ یہ تحریک ان نوجوانوں کو متحد کرے گی جو جمہوریت، ادارہ جاتی اصلاحات اور احتساب پر یقین رکھتے ہیں۔


