
پاکستان اور قطر کے درمیان سرمایہ کاری و تعاون کے نئے دور کا آغاز۔
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف سے قطر کے وزیرِ تجارت و صنعت شیخ فیصل بن ثانی بن فیصل الثانی کی ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
قطری وزیر پاکستان قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کی شریک صدارت کے لیے اسلام آباد کے دورے پر ہیں۔ ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور قطر کے مابین تعلقات کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تعلقات مشترکہ عقائد، اقدار اور باہمی احترام کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔
وزیراعظم نے قطر کو پاکستان کا قابلِ اعتماد شراکت دار اور خطے میں ایک بااثر ثالث قرار دیا۔ انہوں نے توانائی، زراعت، غذائی تحفظ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت اور انفراسٹرکچر کی ترقی جیسے شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کے امکانات پر زور دیا۔
شہباز شریف نے پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کا ذکر کرتے ہوئے قطری سرمایہ کاروں کو اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے فریم ورک کے تحت نئی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔
شیخ فیصل بن ثانی بن فیصل الثانی نے قطری قیادت کی جانب سے نیک خواہشات پہنچاتے ہوئے کہا کہ قطر پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارتی کمیشن کا چھٹا اجلاس دونوں ممالک کے درمیان جاری تعاون کا جائزہ لینے اور مستقبل کے لیے نئے اقدامات طے کرنے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوا ہے۔
وزیراعظم نے علاقائی و عالمی امور پر قطر کی مسلسل حمایت کو سراہا اور کثیرالجہتی فورمز پر باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان مشترکہ فہم کو عملی نتائج میں بدلنے کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھے جائیں گے، خصوصاً کاروباری تعلقات کے فروغ اور سرمایہ کاری کے نئے منصوبوں کی راہ ہموار کی جائے گی۔

