
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے منگل کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات کی۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور خوشگوار ماحول میں گفتگو کی۔ ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔
یہ ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سیشن کے دوران صدر ٹرمپ کی میزبانی میں عرب-اسلامی ممالک کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ٹرمپ کی کل ایک علیحدہ باضابطہ ملاقات بھی متوقع ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا پاکستان اور انڈیا کے مابین جنگ بندی کرانے کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امریکی صدر امن کے حامی ہیں اور دنیا میں امن قائم کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ نے اپنی جنرل اسمبلی کی تقریر میں بھی امن قائم کرنے کی کوششوں کا ذکر کیا۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی میزبانی میں ہونے والے عرب و اسلامی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں ترک صدر رجب طیب ایردوان، اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم، سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، انڈونیشیا کے صدر پرابوو سبینتو، متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان اور مصر کے وزیراعظم مصطفی مدبولی بھی شریک ہوئے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے اس اجلاس کو اپنی ‘سب سے اہم میٹنگ’ قرار دے دیا۔
