
وفاقی حکومت نے تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم تنظیم قرار دے دیا
اسلام آباد: وزارتِ داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی عائد کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی دہشت گردی اور پرتشدد سرگرمیوں میں ملوث پائی گئی ہے، اسی بنا پر انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت تنظیم کو کالعدم قرار دیا گیا ہے۔
حکومت کے مطابق اس فیصلے کے پیچھے ٹھوس شواہد اور رپورٹس موجود ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ تنظیم کے روابط دہشت گرد عناصر سے ملتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس سے ایک روز قبل وفاقی کابینہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس میں ٹی ایل پی پر پابندی کی منظوری دی تھی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 2016 میں قائم ہونے والی اس جماعت نے ملک بھر میں مختلف مواقع پر اشتعال انگیزی کو فروغ دیا۔
اجلاس کے شرکاء کو یہ بھی بتایا گیا کہ ماضی میں ٹی ایل پی کے احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کے دوران متعدد سیکیورٹی اہلکار اور بے گناہ شہری جاں بحق ہوئے۔ تنظیم کی سرگرمیوں کے باعث کئی علاقوں میں امن و امان کی صورتحال بھی متاثر ہوئی۔
وزارتِ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے اجراء کے بعد تحریک لبیک پاکستان کو اب سرکاری طور پر کالعدم تنظیم قرار دیا جا چکا ہے۔
