پاکستان اور سعودی عرب میں تاریخی دفاعی معاہدے پر دستخط

ویب ڈیسک سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے (SMDA) پر دستخط کر دیے۔

یہ معاہدہ دونوں ممالک کی سلامتی کو بڑھانے اور خطے و دنیا میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ معاہدے کا مقصد دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاع و تحفظ کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ اعلامیے کے مطابق کسی ایک ملک پر جارحیت دونوں ممالک پر جارحیت تصور کی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف جب قصر یمامہ پہنچے تو ان کا روایتی انداز میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔ گھڑسواروں کے دستے نے شاہی پروٹوکول کے ساتھ وزیراعظم کو خوش آمدید کہا۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی وزیراعظم کو خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر سعودی مسلح افواج کے دستوں نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔ بعدازاں وزیراعظم اور ولی عہد نے ایک دوسرے کو اپنے وفود کا تعارف کروایا۔

وزیراعظم کے ہمراہ پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزرا خواجہ محمد آصف، عطاء اللّٰہ تارڑ، محمد اورنگزیب، ڈاکٹر مصدق ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی شامل تھے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top