
ویب ڈیسک: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں بشمول سیالکوٹ سیکٹر، شکرگڑھ، نارووال اور کرتارپور کا خصوصی دورہ کرتے ہوئے عوام کی خدمت پر ریسکیو ورکرز کی حوصلہ افزائی کی۔
آرمی چیف سید عاصم منیر کو اس موقع پر موجودہ سیلابی صورتحال اور آئندہ بارشوں کے سلسلے میں تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے متاثرہ علاقوں میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کا جائزہ لیا اور فوجی جوانوں و سول انتظامیہ کی مربوط اور بہترین حکمت عملی کو سراہا۔
آرمی چیف نے سیالکوٹ سیکٹر میں متاثرہ سکھ کمیونٹی سے بھی ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ سیلاب کے دوران متاثرہ تمام مذہبی مقامات بشمول دربار صاحب کرتارپور کو ترجیحی بنیادوں پر اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ اقلیتوں اور ان کے مذہبی مقامات کا تحفظ ریاست اور اداروں کی ذمہ داری ہے، پاکستان اس فریضے کی ادائیگی میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔
سکھ برادری نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پرجوش خیر مقدم کیا اور سیلاب کے دوران سول انتظامیہ و فوج کی خدمات پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے دربار صاحب کرتارپور کا فضائی جائزہ بھی لیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان کی بروقت اور فعال حکمتِ عملی کو سراہا جس سے قیمتی جانوں اور املاک کے نقصانات کو کم سے کم رکھنے میں مدد ملی۔
سپاہیوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف سید عاصم منیر نے ان کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور خدمتِ خلق کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا اور مشکل حالات میں عوام کی خدمت پر انہیں سراہا۔
