
بتاریخ: 27 اکتوبر 2025
ویب ڈیسک: کشمیر بلیک ڈے کے موقع پر ہیومن رائٹس پروٹیکشن اینڈ سوشل جسٹس پاکستان کی جانب سے تقریب کا انعقاد۔
ہیومن رائٹس پروٹیکشن اینڈ سوشل جسٹس پاکستان کے زیرِ اہتمام 27 اکتوبر کشمیر بلیک ڈے کے موقع پر مرکزی آفس کراچی اور بھٹ شاھ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز رانا طاہر کی تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا۔
تقریب میں تنظیم کے عہدیداران، کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔
اس موقع پر یوتھ وِنگ سب ڈسٹرکٹ کے صدر خالد حسین کاکا اور مرکزی چیئرمین رانا غلام نبی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی ضمیر کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ مقررین نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا جائز حقِ خودارادیت دلانے کے لیے عملی اقدامات کرے اور بھارت کے مظالم کا فوری نوٹس لے۔
آخر میں کشمیری شہداء کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ہیومن رائٹس پروٹیکشن اینڈ سوشل جسٹس پاکستان انسانی حقوق کے تحفظ اور کشمیری عوام کی آواز کو دنیا تک پہنچانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔
ہیومن رائٹس پروٹیکشن اینڈ سوشل جسٹس پاکستان
(شعبہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ)

